اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(کنٹری نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالہیٰ سے مسلم لیگ ق کے اوورسیز پاکستانیزکے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے چند روز کے اندر فلاح عامہ کے بےشمار اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو سراہا۔اوورسیز پاکستانی وفد نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آتے ہی عام آدمی کی فلاح کو اپنا مشن بنایا ہے، آپ نے اپنے پہلے دور کی طرح اب بھی برق رفتاری سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کیے ہیں۔چوہدری پرویزالہیٰ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، ہم اوورسیز پاکستانیوں کی گرانقدر خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دور میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا اور موجودہ وفاقی حکومت نے آتے ہی اوورسیز پاکستانیوں سے یہ حق چھینا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی، دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں مسلم لیگ ق اسکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ، کینیڈا کے صدر ارجمند بخاری، طاہر بخاری اور برطانیہ کے محمد وقاص شامل تھے۔