بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے تھانے میں درج کرائے گئے مقدمے میں شکایت کنندہ نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے مدھیہ پردیش کے شہر خاندوا میں ایک ایونٹ میں انتہائی مختصر پرفارم کیا۔ امیشا پٹیل پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اس پرفارمنس کے لیے بھاری رقم تو وصول کی، لیکن پرفارم بہت ہی مختصر کیا۔ دریں اثنا اس حوالے سے امیشا پٹیل نے اپنے دفاع میں کہا کہ اس پروگرام کے منتظمین نے مناسب اور بہتر انتظامات نہیں کیے تھے۔اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر انہوں نے مزید کہا کہ 9 اپریل کو ہونے والے اس ایونٹ میں بدترین بد انتظامی تھی، اور مجھے اپنی جان کا خطرہ تھا، تاہم میں مقامی پولیس کی مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا مکمل خیال رکھا۔ مقامی تھانے کے انچارج کا کہنا ہے کہ وہ خود وہاں موجود تھے جہاں کافی بڑا کراوڈ موجود تھا تاہم امیشا کے ساتھ کوئی غیر اخلاقی حرکت نہیں ہوئی۔