بسمہ معروف ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید

لاہور(کنٹری نیوز)بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کھیلنے کے لیے 28 ستمبر کو لاہور سے بنگلہ دیش کے راستے دبئی روانہ ہوگی۔سات ٹیموں پر مشتمل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ یکم اکتوبر سے بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ویمنز ٹیم 28 ستمبر کو روانہ ہوگی جب کہ ایونٹ کا فائنل 15 اکتوبر کو ہوگا۔بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ویمنز ٹیم نے لاہور کنٹری کلب میں دس روز تک ٹریننگ کی جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کے علاوہ پریکٹس میچز کھیلے۔اس موقع پر کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ’ہماری پچھلی سیریز اچھی نہیں رہی، اس لیے ہم ٹیم کو دوبارہ بنانے اور اپنی جیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کوچز نے کیمپ میں کھلاڑیوں پر بہت محنت کی ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں ہونے والے میچز میں مزید پریکٹس کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کو متعدد میچ فراہم کرتا ہے جو بالآخر ہمیں اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے خود کو تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔بسمہ معروف نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم پوری طرح تیار ہو کر آئے گی اور ہم اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔کپتان کہتی ہیں بھارت کے خلاف ہونے والا میچ ایک اہم میچ ہے لیکن اس سے پہلے بھی ہمارے میچز ہیں۔ ہم ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ ٹریننگ کیمپ سے قبل دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر فاطمہ ثناء ٹخنے میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔