بھارت کے ساتھ تجارت پر پابندی لگائی، امپورٹڈ حکومت کھولنے کی کوشش کر رہی ہے، عمران خان

کرک(کنٹری نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کے ساتھ تجارت پرپابندی لگائی، اب یہ امپورٹڈ حکومت اس تجارت کو کھولنے کی کوشش کر رہی ہے، مریم نواز کی سب سے بڑی کوالٹی ہے کہ سچ نہیں بولا جاتا، لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی اس کی کوئی پراپرٹی نہیں ہے، داماد کیلئے ہندوستان سے پاور پلانٹ کی مشینری امپورٹ کروارہی تھی، آدھی آگئی، جب کوئی اقتدار میں بیٹھ کر خود کو فائدہ کرواتا ہے تو اسے کرپشن کہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پیسے کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں کو بھی نظر انداز کرتے ہیں، لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے، انہیں کوئی پرواہ نہیں، انہیں پیسہ نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف آزاد ملک ترقی کرتا ہے، ان کی دولت ملک سے باہر پڑی ہے، ان کی پراپرٹیز اور محلات ملک سے باہر ہیں، ان کو سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا ہے، ان کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے، ان ڈرون حملوں پر انہوں نے ایک بار پھر مذمت نہیں کی، ان کا مقصد ملک کی ترقی نہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانا تھا، ان کا مقصد صرف این آر او لینا تھا، انہوں نے پچھلے 10سال اس ملک کو لوٹا ہے۔عمران خان نے کہا کہ آپ نے میرا ساتھ دینا ہے اور میں نے ان کا مقابلہ کرنا ہے، ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر ہے کہ ہم مر جائیں، امریکیوں کے غلاموں کی غلامی سے بہتر ہے انسان زندہ ہی نہ رہے۔