رابعہ کلثوم کا مریم کو ٹوئٹر چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ

لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان شوبزانڈسٹری کی اداکارہ رابعہ کلثوم نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو اے سی روم سے باہر نکل کر عوامی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کی تو اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھی اپنا نکتہ نظر پیش کر دیا۔مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان کی حکومت کی طرح اس کا سوشل میڈیا بھی شاید موکلات اور جنات چلا رہے ہیں تبھی ان کے جلسوں کی تصاویر ناسا سے لی جاتی ہیں۔رابعہ کلثوم نے مریم کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اتر گیا عمران خان اب کس بات کا ڈر ہے؟ اب آپ حکومت میں ہیں اور ملک میں بہت سے مسائل ہیں آپ برائے مہربانی وہاں توجہ دیں۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ مریم نواز آپ کو اپنے اے سی روم سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے اور ٹویٹر چھوڑیں اور کام شروع کردیں۔