رواں مالی سال میں پاکستان کی نان ٹیکسٹائل برآمدات میں24.28 فیصد اضافہ

اسلام آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک)جاری مالی سال میں پاکستان کی نان ٹیکسٹائل برآمدات میں24.28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے9ماہ میں جولائی تا مارچ22 ۔ 2021 کے دوران نان ٹیکسٹائل برآمدات کی مالیات9.11 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 21 ۔2020 میں برآمدات سے 6.9 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران نان ٹیکسٹائل برآمدات میں 2.21 ارب ڈالر یعنی 24 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق اس عرصہ میں چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 7.95 فیصد جبکہ چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں 8.74 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح خام چمڑے کی برآمد بھی 36.35 فیصد بڑھی ہے۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جفت سازی برآمدات 17.92 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات میں 2.80 فیصد، کارپٹس 12.28 اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں بھی 35.23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مزید برآں غذائی اجناس کی برآمدات 18.92 فیصد اور مصالحہ جات کی برآمد میں 8.05 فیصد جبکہ تیل دار اور پھلی دار اجناس کی برآمدات میں 131.4 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے۔ دوسری جانب اس عرصہ میں آلات جراحی کی برآمدات میں 5.13 فیصد، ادویہ سازی کی برآمدات میں 3.25 فیصد اور بجلی کی پنکھوں کی برآمد میں 2.12 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔