فوج عوامی رائے کی قدر کرتی ہے جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی، شیخ رشید

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج عوامی رائے کی قدر کرتی ہے جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیخ رشید نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایمپورٹیڈ حکومت کی جانب سے فرار کی تیاریاں شروع کردی گئی ہے جس کا آغاز ای سی ایل سے ڈیرھ سو ملزمان کا نام نکال کر کیا گیا ہے۔شیخ رشید نے اپنے پیغام میں دعوی کیا ہے کہ سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمپورٹیڈ حکومت کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے کیونکہ یہ بیرونی سازش کے تحت چور دروازے سے بنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے اس وجہ سے جلد ہی اس ایمپورٹیڈ حکومت سے جان چھوٹے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے جلد اچھی خبریں متوقع ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا تھا کہ ملک کے حالات مشکل ہوتے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی جیل کی ساخوں کے پیچھے ہونا تھا وہ لوگ اب اقتدار میں بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔