معیشت سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،شاہد خاقان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج پاکستان قیمت خرید سے کم قیمت پر پیٹرول بیچ رہا ہے لہٰذا بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق فیصلے مشکل ہیں لیکن کرنے پڑیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم کسی پر الزام نہیں لگائیں گے اور جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، جنہوں نے ملک کو لوٹا اور کرپشن کی انہیں جواب دینا پڑے گا۔شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان قیمت خرید سے کم قیمت پر پیٹرول بیچ رہا ہے، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق فیصلے مشکل ہیں لیکن کرنے پڑیں گے، معیشت سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، تکلیف دہ فیصلوں سے ہی ملک کے حالات بدلیں گے۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ صدر صرف وفاقی حکومت کی ایڈوائس پر حکم جاری کرتا ہے، عارف علوی عمران خان کے نہیں پاکستان کے صدر ہیں، وہ آئین پڑھ لیں، آئین کے مطابق فیصلے کریں، رات کے اندھیرے میں گورنرکو بدلنے والے صدر 5 دن سے غائب ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔