نمرہ خان نے خلع کے معاملے پر خاموشی توڑ دی

لاہور (کنٹری نیوز) معروف اداکارہ اور ماڈل نمرہ خان نے خلع لینے کے معاملے پر خاموشی توڑ تے ہوئے اس کی وجوہات بتا دیں۔ ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی خلع سے متعلق بات نہیں کرتی تھی، چاہتی تھی جتنی ڈھکی چھپی رہے اچھا ہے، لیکن اب کچھ چھپا نہیں ہے ، سب کچھ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر چیز کے دو رخ ہوتے ہیں، ایک رخ تو وہ تھا کہ جب میں نے اپنے سابق شوہر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔لیکن اس کا ایک رخ اور بھی تھا جس کا کسی کو معلوم نہیں کہ میرے اس شخص کے ساتھ 6 ماہ کیسے گزرے، یہ میں ہی جانتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں لڑکیوں کو ایک مشورہ دوں گی کہ آپ کے ساتھ کچھ بھی ہوتا ہے تو اسے ایک حد تک برداشت کریں ،اگر آپ کو لگے کہ زیادہ ہورہا ہے اور برداشت سے باہر ہورہا ہے تو الگ ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ میرا لڑکیوں کے والدین کو بھی یہ پیغام ہے کہ اپنی لڑکیوں کی طاقت بنیں تاکہ کوئی مسئلہ ہوتو انہیں معلوم ہو کہ ان کے والدین ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اسی طرح میرے والدین نے بھی میرا مشکل وقت میں بہت ساتھ دیا۔