پاکستان کیلئے اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کروں گا: شان مسعود

کراچی (کنٹری نیوز)پاکستان کے اوپننگ بیٹر شان مسعود کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی پر شکرگزار ہیں اور اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ لمبی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں اور خود کو فٹ رکھنا چاہتا ہوں۔شان مسعود نے دوران گفتگو انگلینڈ ٹیم کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انگلینڈ وائٹ بال کی بہترین ٹیم ہے، میں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلی ہے جس سے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہے اور یہی میری کامیابی تھی۔ قومی بیٹر کے مطابق انگلش ٹیم ہمیں یہاں پر چیلنج کرے گی، ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف اچھی تیاری ہوگی، 7 میچز میں مومنٹم برقرار رکھنا ضروری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تینوں فارمیٹ میں ایک صحت مند مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی کی خوبی یہی ہے کہ وہ خود کو کہیں بھی ایڈجسٹ کرلے، چاہے وہ مختلف فارمیٹ ہوں یا مختلف نمبر، مختلف نمبرز پر کھیلنے پر آپ کو سیکھنے کو زیادہ ملتا ہے، میں نے کبھی بھی خود کو کسی ایک فارمیٹ کے لیے مختص نہیں کیا۔عوام کی جانب سے لگائی جانے والی امید پر شان مسعود کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے ایک بہترین موقع ہے لیکن مجھے صرف اپنا 100 فیصد دینا ہے۔