چین میں بیرونی سرمایہ کاری کی ترقی جاری

بیجنگ (کنٹری نیوز)چینی وزارت تجارت کے ترجمان شو جوے تھینگ کے مطابق رواں سال جنوری سے مئی تک ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت 564.2 بلین یوآن رہی ہے جو کہ  پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں  17.3 فیصد زیادہ ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں چین کی مسلسل ترقی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا نے بتایا کہ
ترجمان کے مطابق،کچھ  قلیل مدتی مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود، بہت سی ملٹی نیشنل کمپنیاں اب بھی چین میں سرمایہ کاری کے طویل مدتی امکانات کے بارے میں پر امید ہیں اور سرمایہ کاری میں اضافہ جاری رکھنے کی خواہاں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ چین اعلیٰ سطح کے کھلے پن کو توسیع دینے پر قائم رہے گا ، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری سے چلنے والے اداروں کے لیے کاروبار کو آسان بنایا جائے گا ، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق ایک کھلی چینی مارکیٹ پوری دنیا کی کمپنیوں کو چین میں ترقی کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔