صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران اہم قومی امور پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں داخلی و خارجی امور، علاقائی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور انہیں مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے سے آگاہ کیا۔
صدر زرداری نے سہ فریقی معاہدے پر مؤثرعملدرآمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
صدر اور وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کیا اور وطنِ عزیزسے دہشتگردی کے ناسورکے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔



