جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے اور 7 اگست کو ملک بھر کی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا اوگرا سے کیا تعلق ہے؟ طالب علم کی آمدنی پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، اس سےبھی پٹرولیم لیوی لی جارہی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت بھتا لیوی لگا رہی ہے، یہ جگا ٹیکس ہے، اسےکسی صورت قبول نہیں کیاجاسکتا، سب کو بتائیں گے کہ حکمران طبقہ کیسے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈال رہاہے، ہم سب سے رابطہ کریں گے اور سب کو ایک پیج پر لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ بول کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، لیوی سے اٹھارہ سو ارب روپے جمع کیے جا رہے ہیں، پیٹرول لیوی اور ناجائز ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت 200 روپے کم ہو جائے گی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ 7 اگست کو پورے پاکستان کی شاہراہوں کو بند کریں گے، صرف ایمبولنس کو راستہ دیں گے۔



