پی ٹی آئی کا جشن اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی طرح اس کے نااہل قائد کو جیل سے نکالا جائے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ پی ٹی آئی کا جشن اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی طرح اس کے نااہل قائد کو جیل سے نکالا جائے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  تحریکِ انصاف کی اپنے قائد کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ، پی ٹی آئی کے بے شمار “بانیوں” میں سے ایک کو معزز عدلیہ سے غیر معمولی ریلیف ملا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جشن اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی طرح اس کے نااہل قائد کو جیل سے نکالا جائے ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں دوسرے سیاست دانوں کی جیل میں زندگی مزید سخت بنانے کے مطالبات کیا کرتے تھے ، ستم ظریفی کا شاید اس سے بڑا یوٹرن ممکن نہیں کہ جس شخص کو ایک ناقابلِ شکست اور خود ساختہ ’’مردِ آہن‘‘ کے طور پر پیش کیا گیا ، آج اسی شخص کی پوری جماعت اسے جیل سے اسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آرہی ہے ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر خوشیاں منانے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے بیانیے کے واضح تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیاجائے، بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کیاجائے، اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

Top News

Local News

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیر زمین آئل لائن لیک، خام تیل سڑک پر آگیا

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر میں نیشنل ریفائنری...

یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب

14اگست 2026 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اناسیویں   یومِ...

Related Articles

Popular Categories