آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے پاکستان ٹیم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بنگلا دیش نے آسٹریلیا کے تاریخی 2 ٹیسٹ میچوں کے دورے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں 3 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بنگلادیش چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ سری لنکا ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
آسٹریلیا بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت کا چوتھا جبکہ انگلینڈ کا پانچواں نمبر ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش نے آسٹریلیا کے دورے کا آغاز پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے تاریخی شکست دے کر کیا۔ یہ آسٹریلوی سرزمین پر بنگلا دیش کی پہلی ٹیسٹ فتح تھی۔
تاہم آسٹریلیا نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
دوسری جانب پاکستان کو 3 میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ سے بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


